آج کا دن ہمیں ہمارے آبا و اجداد کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملا، ڈپٹی کمشنر صحبت پور

جمعرات 14 اگست 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ضلع صحبت پور میں جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد قومی جذبے اور پُرامن ماحول میں کیا گیا۔یومِ آزادی کے حوالے سے تقریب کا آغاز ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے پرچم کشائی کرکے کیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔تقریب میں معززینِ شہر، ضلعی افسران، میڈیا نمائندگان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ہمارے آبا و اجداد کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملا ، ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنی چاہیے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ جو خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا اس خواب کی تعبیر کی جاسکے ، مادر وطن کی تعمیر و ترقی میں ہم سب کو اپنا مثبت کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کی قیادت میں ایک پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو ڈی سی آفس سے شروع ہو کر مین چوک صحبت پور پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں مختلف محکموں کے افسران، تاجر برادری، سماجی کارکنان، طلبہ، اساتذہ اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی ۔ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول، ڈرگی میں ایک خوبصورت ثقافتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر، ٹیبلو اور وطن پرستی سے بھرپور خاکے پیش کیے۔

اس تقریب نے نوجوان نسل کے جوش، جذبے اور فنکارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔تحصیل ہیڈکوارٹرز، میونسپل کمیٹی صحبت پور اور ضلع بھر کی جامع مساجد میں نمازِ فجر اور ظہر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، استحکام اور اتحاد کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ تقریبات کے اختتام پر ایک انعامی تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو یومِ آزادی کی تقریبات کے مؤثر انتظامات اور بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

یہ اعزازات ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، لگن اور قیادت کی صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر پیش کیے گئے۔اس کے علاوہ ضلع صحبت پور میں یومِ آزادی 2025ء کی تقریبات شایانِ شان، پُرامن اور منظم انداز میں منعقد ہوئیں۔ ان تقریبات نے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور عوامی شراکت داری کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ تعلیم، سماجی و تاجر برادری اور شہریوں نے مل کر ایک مثالی قومی دن منایا، جو اس خطے کے عوام کی وطن سے وابستگی اور اتحاد کی علامت ہے۔

متعلقہ عنوان :