انٹرنیشنل کونسل آف ٹریڈیشنل اسپورٹس اینڈ گیمز کی قیادت میں یوم روایتی کھیلیں اور گیمز کی عالمی تقریبات

جمعرات 14 اگست 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) انٹرنیشنل کونسل آف ٹریڈیشنل اسپورٹس اینڈ گیمز (آئی سی ٹی ایس جی ) صدیوں پرانے کھیلوں کی روایت کو محفوظ رکھنے، فروغ دینے اور دوبارہ زندہ کرنے کے لیے دنیا کا واحد عالمی پلیٹ فارم تسلیم کیا جاتا ہے، آئی سی ٹی ایس جی نے 14 اگست کو یومِ روایتی کھیلوں اور گیمز (TSG) 2025 کی عالمی تقریبات کی قیادت کی۔

رنگا رنگ شہری چوراہوں سے لے کر دور دراز دیہاتوں تک اور مقامی میلوں سے لے کر بین الاقوامی ورچوئل سمٹ تک، دنیا بھر کی کمیونٹیز ایک مشترکہ مشن میں متحد ہوئیں تاکہ ثقافتی ورثے کے جیتے جاگتے خزانے، مقامی کھیل، آبا و اجداد کے مقابلے، اور نسل در نسل منتقل ہونے والی لوک روایات کو محفوظ رکھا جا سکے۔ فلوریڈا امریکا میں قائم ہیڈکوارٹر اور کیوٹو (فار ایسٹ)، لاہور (جنوبی ایشیا)، کینز (یورپ) اور افریقی خطوں میں قائم علاقائی دفاتر کے ذریعے آئی سی ٹی ایس جی ایک مربوط عالمی مہم چلا رہا ہے تاکہ یہ روایات زندہ رہیں۔

(جاری ہے)

اپنے کلیدی خطاب میں آئی سی ٹی ایس جی کے صدر خلیل احمد خان نے کہاکہ جب کوئی کھیل ختم ہو جاتا ہے تو یہ ایسے ہے جیسے کوئی زبان بولنا چھوڑ دی جائے، اس کی کہانیاں، اقدار اور اسباق ہمیشہ کے لیے مٹنے کے خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔یونیسکو کے رکن ممالک نے 2021 میں یومِ روایتی کھیلوں اور گیمز کو منظور کیا تھا، جو کھیل سے آگے بڑھ کر ثقافتی احیاء، ورثے کے تحفظ، قیامِ امن اور پائیدار ترقی کی تحریک کے طور پر منایا جاتا ہے۔

اس سال کی تقریبات میں "ایس آر ای ٹی ایس ایلیویشن فریم ورک" کا آغاز کیا گیا، جو چھ مراحل پر مشتمل حکمتِ عملی ہے جس کا مقصد خطرے سے دوچار کھیلوں کی نشاندہی، مقامی سطح پر شمولیت میں اضافہ، قومی سطح پر تسلیم کروانا، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا، اور انہیں جیتا جاگتا ورثہ بنا کر محفوظ رکھنا ہے۔خواتین کی قیادت کو بھی نمایاں مقام دیا گیا، جس کے تحت آئی سی ٹی ایس جی نے خواتین کوچز، ریفریز اور کمیونٹی لیڈرز کی تربیت کے منصوبے شروع کیے، اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ خواتین تاریخی طور پر ثقافتی روایات کی محافظ رہی ہیں۔

ایک بڑے عملی اقدام میں آئی سی ٹی ایس جی نے اعلان کیا کہ دنیا بھر سے درخواست دہندگان کے لیے 50 سے زائد نیشنل چیپٹرز میں قیادت کے عہدے اب دستیاب ہیں، اور سب کو اس مشن میں شامل ہونے کی دعوت دی۔دن کا اختتام "آئی سی ٹی ایس جی گلوبل ڈیکلیریشن" کی منظوری پر ہوا، جس میں رکن ممالک اور ثقافتی اداروں سے روایتی کھیلوں کی بحالی میں فعال کردار ادا کرنے اور آئی سی ٹی ایس جی آن لائن انسائیکلوپیڈیا کو مزید بہتر بنانے کی اپیل کی گئی۔

اس موقع پر دنیا بھر سے منتخب 100 بہترین افراد کو بھی اعزازات سے نوازا گیا جنہوں نے روایتی کھیلوں کے تحفظ کے لیے شاندار خدمات انجام دی ہیں۔منگولین تیر اندازی، سینیگالی پہلوانی، فلپائنی اسٹک فائٹنگ سے لے کر جنوبی ایشیائی کبڈی تک، یہ کھیل صرف کھیل نہیں بلکہ زبان، موسیقی، رسومات اور دستکاری کے امین ہیں۔ جیسا کہ خلیل احمد خان نے یاد دلایا: "جب ہم کسی کھیل کو دوبارہ زندہ کرتے ہیں تو ہم ایک تہذیب کو زندہ کرتے ہیں۔ ہم ماضی کو آواز اور مستقبل کو تحفہ دیتے ہیں۔