چیئرمین سی ڈی اے کا پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ، معرکہ حق اور یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت

جمعرات 14 اگست 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے معرکہ حق اور یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ممبر ایڈمنسٹریشن اور اسٹیٹ سی ڈی اے طلعت محمود کے ہمراہ پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا۔ پاکستان سویٹ ہوم کے پیٹرن ان چیف زمرد خان اور سی ڈی اے کی سی بی اے کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔

اس موقع پر آزادی کا کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔طلباء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پاکستان کی آزادی کی اہمیت اور اتحاد، ایمان اور قربانی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تحریکِ آزادی کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پاکستان سویٹ ہوم کی بچوں کو تعلیم، رہائش اور دیکھ بھال فراہم کرنے کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے قوم کی خدمت کا عظیم فریضہ قرار دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سی ڈی اے پاکستان سویٹ ہوم کے طلبا کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔قبل ازیں پاکستان سویٹ ہوم کے پیٹرن ان چیف زمرد خان نے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی کی قیادت میں سی ڈی اے کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ تقریبات کا اختتام ملی نغموں، پرچم کشائی اور ملک کی سلامتی و ترقی کی دعا کے ساتھ ہوا۔