کوئٹہ: جشن آزادی کی مناسبت سے مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ایک کلو میٹر طویل پرچم بردار ریلی کا انعقاد

جمعرات 14 اگست 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) کوئٹہ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ایک کلو میٹر طویل پرچم بردار ریلی نکالی گئی ،جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی جی پی او چوک سے شروع ہو کر تنظیم چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں مرد و خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے۔

استحکام پاکستان ریلی سے حافظ ادریس، سردار سعود سرسولی، ڈاکٹر ہارون میر شاہجہان لانگو، فائزہ مینگل، میڈم اقراء، میر عالم حسنین مہری، رحمت لالہ ، میر شکر خاں رئیسانی، عبدالہادی کاکڑ، عبدالمالک و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دشمن کا ایجنڈا ناکام ہوگا، پاکستان کے لیے سب متحد ہیں اور ملکر بلوچستان کو خوشحال بنائیں گے۔

(جاری ہے)

ریلی کی قیادت پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے امیر حافظ محمد ادریس نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دیں اور بزرگوں و شہداء کی قربانیوں کے باعث آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام نے پیغام دیا ہے کہ دشمن کی سازشیں دم توڑ چکی ہیں، ایک کلو میٹر طویل پرچم بلند کر کے ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ بلوچ متحد ہیں اور کسی بھی دشمن کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سردار سعود سرسولی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ہر چیلنج کا مقابلہ مل کر کریں گے۔ڈاکٹر ہارون نے کہا کہ آج کی ریلی دشمن قوتوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کی سالمیت کے لیے متحد ہیں۔شاہجہان لانگو نے کہا کہ ہماری وفاداریاں وطن عزیز کے ساتھ ہیں اور ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔فائزہ مینگل نے کہا کہ بلوچ خواتین نے ہمیشہ ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہیں گی۔میر غالم حسنین مہری نے کہا کہ یہ پرچم ہماری آزادی اور اتحاد کی علامت ہے۔