جاپانی معیشت میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں امریکی ٹیرف کے دباؤ کے باوجود معمولی نمو ریکارڈ

جمعہ 15 اگست 2025 11:28

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) جاپانی معیشت نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں امریکی ٹیرف کے دباؤ کے باوجود معمولی نمو ریکارڈ کی ہے جسے مشکلات کے شکار وزیراعظم شیگیریو ایشیبا کے لیے سہارا قرار دیا جا رہا ہے۔سرکاری ابتدائی تخمینے کے مطابق دنیا کی چوتھی بڑی معیشت کی جی ڈی پی اپریل سے جون تک 0.3 فیصد بڑھی جبکہ سالانہ بنیاد پر جاپان کی معیشت میں 1.0 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو مارکیٹ کے 0.4 فیصد کے تخمینے سے کہیں بہتر ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار وزیراعظم ایشیبا کے لیے حوصلہ افزا ہیں جن کا مستقبل جولائی کے ایوانِ بالا کے انتخابات کے بعد غیر یقینی کا شکار ہے، ان کا اتحاد ایوان زیریں کی طرح ایوان بالا میں بھی اکثریت کھو بیٹھا تھا تاہم اس ہفتے براڈکاسٹر این ایچ کے کے سروے نے عندیہ دیا کہ عوام کی اکثریت ایشیبا کے استعفے کے بجائے ان کے باقی رہنے کی خواہاں ہے جبکہ اپوزیشن اتنی منقسم ہے کہ متبادل حکومت تشکیل دینا مشکل نظر آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاپانی مصنوعات پر عائد ٹیرف نے جاپانی معیشت کو خاصا متاثر کیا خاص طور پر گاڑیوں پر 27.5 فیصد محصولات بھاری ثابت ہوئے ۔ گزشتہ ماہ جاپان نے ایک تجارتی معاہدہ حاصل کیا جس کے تحت دیگر جاپانی مصنوعات پر 25 فیصد متوقع محصولات کم ہو کر 15 فیصد ہو گئے جبکہ گاڑیوں پر شرح محصول بھی 15 فیصد کر دی گئی۔ان محصولات کے باعث ٹويوٹا نے رواں سال اپنے سالانہ خالص منافع کے تخمینے میں 14 فیصد کمی کرتے ہوئے 9.5 ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ہونڈا کی پہلی سہ ماہی کی آمدن نصف رہ گئی جبکہ کمپنی نے محصولات کے اثرات کے تخمینے کو کم کیا، سونی نے بھی اسی طرح نظرثانی کی۔