بٹگرام،سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

جمعہ 15 اگست 2025 17:03

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)ضلع بٹگرام کے علاقہ نیل بند میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 10 افراد کی لاشیں شملائی مندروالی کے مقام سے نکال لی گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق 18 افراد کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں شروع ک دی گئیں اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام کے مطابق نیل بند گاؤں ضلع بٹگرام اور مانسہرہ کی سرحد پر واقع ہے جہاں گزشتہ رات کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام کے مطابق کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں کے باعث 5 مکانات تباہ ہوئے ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کمشنر ہزارہ اور ڈی سی بٹگرام سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ضلعی حکام کو موقع پر پہنچنے اور ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے بروقت ریسکیو آپریشن یقینی بنایا جائے، تمام وسائل اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جائے۔