بلوچستان کے وکلاء کی ہسپتال جاکر زیارت میں زخمی وکلاء کی عیادت

جمعہ 15 اگست 2025 18:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)صدر سپریم کورٹ بار ایڈووکیٹ میاں رؤف عطا، صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایڈووکیٹ میر عطا اللہ لانگو، پیپلز لائرز فورم (پی ایل ایف) بلوچستان کے سینئر رہنما ایڈووکیٹ سید ظہور آغا، ایڈووکیٹ راجہ، ایڈووکیٹ اسد اچکزئی، ایڈووکیٹ اجمل کاکڑ، ایڈووکیٹ جمعہ خان مندوخیل، ایڈووکیٹ عزیز خلجی، ایڈووکیٹ مصور آغا، ایڈووکیٹ عمران بلوچ، ایڈووکیٹ قاہر کاکڑ اور دیگر ممتاز وکلاء نے جمعرات کے روز سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیارت میں پرتشدد واقعے میں زخمی ہونے والے ایڈووکیٹ صاحبزادہ نثار اور ایڈووکیٹ فیصل قریشی کی عیادت کی۔

وفد نے زخمی وکلا کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مکمل قانونی و اخلاقی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت بلوچستان خصوصاً وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا کہ زخمی وکلاء کو بہتر علاج کے لیے فوری طور پر کراچی منتقل کیا جائے اس کے ساتھ ہی انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔وکلاء نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کو 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی۔