زائرین کی حفاظت اور جلوسوں کی بلا تعطل تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر سرگودھا

جمعہ 15 اگست 2025 19:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کے ہمراہ سیف سٹی کا دورہ کیا اور جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ضلع بھر میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر برآمد ہونے والے اعزاداری جلوسوں کی براہِ راست نگرانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ پوائنٹس، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت اور ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ دورانِ جلوس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے تمام ادارے الرٹ رہیں اور باہمی رابطہ مو ثر بنایا جائے۔ ڈی پی او صہیب اشرف نے بتایا کہ ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس سمیت تمام ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، جبکہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امن و امان کا قیام، زائرین کی حفاظت اور جلوسوں کی بلا تعطل تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔