فوج اور پیراملٹری فورس فرنٹیئرکور بلوچستان سرحدوں کی حفاظت، امن و امان کے قیام اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہیں، اظہر خان

جمعہ 15 اگست 2025 21:39

ژوب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء) کمانڈنٹ ژوب ملیشیا بریگیڈیئراظہرخان نے کہا ہے، کہ فوج اور پیراملٹری فورس فرنٹیئرکور بلوچستان سرحدوں کی حفاظت، امن و امان کے قیام اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہیں۔ مقامی لوگوں کے تعاون ہی سے امن و امان کا قیام ممکن ہے۔ ژوب تاریخی اور جغرافیائی لحاظ سے اہمیت کا حامل علاقہ ہے، وطن عزیز کی ترقی سمیت کھیل کے شعبے میں یہاں کے نوجوانوں کا جذبہ اور صلاحیت قابل ستائش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے انارجان اسٹیڈیم ژوب میلیشیا ہیڈکوارٹرزمیں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ژوب اسٹارز اور ژوب سی سی کے درمیان کھیلا گیا۔ ڑوب اسٹارز کرکٹ ٹیم کو ٹورنامنٹ کا فاتح ٹیم قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل تنزیل، میجرسعد طارق، قبائلی رہنماوں ملک عبدالستار مندوخیل، ستارکاکڑ، سردار بازخان ناصر، سردار عصمت اللہ میاں خیل، ملک گل زمان ناصر، کمال بابر، پرنسپل بی آر سی گلداروزیر سمیت پیراملٹری فورس فرنٹیئرکورکے آفیسروں، میڈیا کے نمائندوں، طلبا اور کھلاڑیوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

میجرسعد طارق نے اپنے خطاب میں ونر اور رنراپ ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت، افادیت اورعوام کے جذبے کو سراہا۔ انھوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ صرف کرکٹ کا مقابلہ نہیں، بلکہ اتحاد، کھیل کے جذبے اور آزادی کی خوشی کا جشن تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں ایک درجن ٹیموں نے حصہ لیا، جس میں بیوٹمز، ژوب ملیشیا اور ژوب کے مقامی ٹیمیں شامل تھیں۔ بریگیڈیئراظہرخان نے ونر اور رنراپ ٹیموں کو ٹرافیاں دیں جبکہ مہمانوں میں سوینیئر اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ بریگیڈیئراظہرخان نے مستقبل میں بھی صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب نوجوانوں کو راغب کرانے اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔