صحت مندمعاشرے کی تشکیل کیلئے بچوں کا صحت مند ہونا ضروری ہے ، ڈی سی قلات

جمعہ 15 اگست 2025 21:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ پولیو مہم سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ ، ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم بلوچ سمیت محکمہ صحت قلات اوردیگر تمام محکموں کے سربراہان اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پولیو مہم سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈبلیوایچ او کے ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر ڈاکٹرنوروز بلوچ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چار روزہ پولیو مہم یکم ستمبر2025 سے شروع ہوگی۔پولیو کی اس مہم میں ضلع قلات کی دو تحصیلوں کی 19 یونین کونسلز میں 39636بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد بلوچ نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے ، اس سے بچوں کو بچانے کیلئے پولیو کے قطرے پلانا بہت ضروری ہے ، ایک صحت مندمعاشرے کی تشکیل کیلئے بچوں کا صحت مند ہونا ضروری ہے ، پولیو سے پاک معاشرہ کی تشکیل کیلئے ہم سب کو مل کر پولیو جیسے مرض کے خلاف لڑنا ہوگا جسکے لیئے ہمیں لوگوں میں شعور اجاگر کرناہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران کوئی غفلت و لاپروائی قابل قبول نہیں ، پولیو مہم میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :