وہاڑی کی 25 ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، زیر التواء سکیموں کی فوری تکمیل کی ہدایت

جمعہ 15 اگست 2025 22:15

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) رکن قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ایم این اے تہمینہ دولتانہ، ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر، اراکین صوبائی اسمبلی، ڈی پی او اور مسلم لیگ (ن) ضلعی صدر سمیت افسران شریک ہوئے۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور عوامی فلاح کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 25 ارب 40 کروڑ 50 لاکھ روپے کی 39 سکیموں پر کام جاری ہے، جبکہ سیپ پروگرام 2024-25 میں 45 کروڑ کی 32 سکیمیں جاری اور 18 کروڑ 10 لاکھ کی 26 سکیمیں شروع ہوں گی۔ سیپ 2025-26 میں ضلع کونسل کی 17 سکیموں پر 30 کروڑ خرچ ہوں گے۔ سکولوں میں اضافی کلاس رومز، خطرناک عمارتوں کی مرمت اور سہولیات کی فراہمی کے لیے 759 سکیموں پر 81 کروڑ 98 لاکھ مختص ہیں۔

(جاری ہے)

میپکو کی 901 میں سے 817 سکیمیں مکمل جبکہ 84 مواد کی قیمتیں بڑھنے سے التواء میں ہیں۔اجلاس میں لڈن کے سیوریج، قصبات کی واٹر سپلائی اسکیموں، گرلز اسکولز میں سہولیات، زیر التواء بجلی سکیموں اور سڑکوں کی کوالٹی پر زور دیا گیا۔ ساجد مہدی نے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ناقص میٹریل روکنے کی ہدایت کی۔ تہمینہ دولتانہ نے تعلیمی سہولیات بہتر بنانے، ڈی سی عمرانہ توقیر نے افسران کو سائٹس وزٹ اور شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت دی اور بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 5 ارب 73 کروڑ روپے کی منظوری ہو چکی ہے۔

میاں ثاقب خورشید نے سیوریج سسٹم کی بہتری، نوشیر لنگڑیال نے چار ماہ میں سکول سہولیات کی تکمیل، نعیم بھابھہ نے تعمیراتی معیار کی نگرانی، عمران دولتانہ نے لڈن سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور منشیات کے خلاف اقدامات پر زور دیا۔ ڈی پی او محمد افضل نے بتایا کہ 22 ڈکیت گینگ کے 54 ملزمان گرفتار، غیرقانونی اسلحہ کے 90 مقدمات درج اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔