خواجہ سلمان رفیق کا چہلم حضرت امام حسیؓن و عرس داتا علی ہجویری کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کنٹرول روم کا دورہ ،سیکرٹری داخلہ کی بریفنگ

جمعہ 15 اگست 2025 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے جمعہ کے روزحضرت امام حسیؓن و رفقا کے چہلم اور عرس داتا علی ہجویری کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ داخلہ مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔اس موقع پرقائم مقام چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر وزیراعلیٰ آفس سیف انور جپہ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب طارق چوہان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ودیگرافسران بھی موجود تھے۔

سیکرٹری داخلہ نے صوبہ بھر کے سکیورٹی انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں جاری جلوسوں و مجالس اور عرس کی لائیو مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیراور چیف سیکرٹری نے پنجاب بھر کے کنٹرول رومز میں فردا فردا رابطہ کیا اور رپورٹ لی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ امن و امان کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، حکومت پنجاب نے چہلم و عرس کے موقع پر سکیورٹی ودیگر فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام مکاتب فکر کو مکمل مذہبی آزادی حاصل اورعوام کی حفاظت ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے بتایا کہ محرم سے اب تک تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مستقل رابطے میں ہیں ،باہمی اتفاق و یگانگت کیساتھ چہلم و عرس کو پرامن انداز میں عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ انہوں نے صوبہ بھر کے کنٹرول رومز میں بات کرتے ہوئے پیغام دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سکیورٹی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے چہلم حضرت امام حسین اور عرس کے تقدس کو یقینی بنائیں۔

قائم مقام چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور نے کہا کہ محکمہ داخلہ، ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، ٹریفک تمام ادارے فیلڈ میں پوری طرح مستعد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کا سائبر پٹرولنگ سیل فرقہ واریت میں ملوث افراد کیخلاف ایکشن لے رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام عزاداروں اور زائرین کی بحفاظت واپسی تک ڈیوٹی پر مامور تمام عملہ فیلڈ میں مستعد رہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے فیلڈ میں ہدایت کی کہ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری قواعد و ضوابط پر من وعن عملدرآمد کر کے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔