چہلم حضرت امام حسین ؓ انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

جمعہ 15 اگست 2025 21:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) ملتان میں چہلم حضرت امام حسین ؓ انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔حسب روایت چہلم حضرت امام حسین کے موقع پرمرکزی ماتمی جلوس امام بار گاہ جوادیہ سے شروع ہو کر مخصوص روایتی راستوں کپڑی پٹولیاں ،تیل مارکیٹ چوک ،سرکلر روڈ،لوہاری گیٹ ، حسین آگاہی ،گھنٹہ گھر چوک ، گلی امام دین سے ہوتا ہوا آستانہ لعل شاہ مشہدی پر اختتام پذیر ہوا، جلوس کے راستوں پر ٹھنڈے مشروبات اور لنگر کی سبیلیں لگائی گئیں۔

آر پی او ملتان کیپٹن (ر) سہیل چوہدری کی ہدایت پر ملتان شہر سمیت ضلع بھر میں چہلم حضرت امام حسین کے برآمد ہونے والےروایتی و لائسنسی جلوسوں اور مجالس کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔شہر اولیا میں جلوسوں کے مکمل روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل کیم وین کے ذریعے نگرانی کی گئی۔

(جاری ہے)

سیکورٹی ڈیوٹی کی مانیٹرنگ کے لئے آٹھ ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی تھیں،کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے خصوصی و متفرق ریزو ہائے الرٹ رہے اور روف ٹاپ ڈیوٹی کے علاوہ خفیہ نگرانی کے لئے سفید پارچات میں پولیس جوان بھی روٹس پر موجود تھے۔

مجالس و جلوسوں کے راستوں کو خار دار تاریں اور قناتیں لگا کر سیل کیا گیا تھا۔ممبران امن کمیٹی ،تاجران اور لائسنس داران بھی جلوسوں کے ہمراہ موجود تھے۔ایلیٹ پولیس فورس جلوسوں کے اطراف میں گشت ونگرانی پر مامور رہی جبکہ ٹریفک پولیس ملتان بھی جلوس روٹس پر عوام الناس کو متبادل روٹ فراہم کرنے میں مصروف عمل رہی۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر اور ڈپٹی کمشنر ملتان حامد وسیم سندھو نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے حوالے سے ملتان سٹی میں نکالے جانے والے مرکزی جلوسوں کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا۔