رحیم یارخان، کچہ کے ڈاکوؤں کا محکمہ آبپاشی کے ورک چارج بیلداروں پرحملہ،موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھین کر فرار

!علاقہ مکینوں اورڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ورک چارج ملازم کا بیٹا گولی لگنے سے جاں بحق ،6افراد زخمی

جمعہ 15 اگست 2025 22:35

ﷺرحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء)کچہ کے ڈاکوؤں کا محکمہ آبپاشی کے ورک چارج بیلداروں پرحملہ‘ موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھین کر فرار،شورواویلا پر علاقہ مکینوں اورڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ورک چارج ملازمین سمیت 6 افراد زخمی‘ سرپر گولی لگنے کے نتیجہ میں ورک چارج ملازم کا بیٹا جاں بحق،ورثاء کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اظہارتعزیت کیلئے گھر پہنچ گئے‘ موقع واردات کا معائنہ کیا۔

تفصیل کے مطابق گذشتہ روز محکمہ آبپاشی کے ورک چارج بیلدار محمداشفاق‘ محمدوزیر‘ محمدناصر‘ کچہ ایریا بھونگ فاضل برانچ ڈسٹری بیوٹری پر معمول کی مانیٹرنگ کیلئے موجود تھے کہ اسی دوران کچہ کے ڈاکوؤں نے حملہ کرکے ان کے پاس موجود موٹرسائیکلیں اورموبائل فون چھین لئے اور فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

ورک چارج ملازمین کے شورواویلا کرنے پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے ڈاکوؤں کوگھیرلیا جس پر علاقہ مکینوں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس کے نتیجہ میں بستی چوہان تھلہ شریف موضع قسمانی کے رہائشی 6افراد نعیم‘ اکمل‘ فہیم‘ ناصر‘ ثاقب اور رحیم بخش زخمی ہوگئے۔

شدید زخمی ہونے والے افراد کوطبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں سرپرگولی لگنے کے نتیجہ میں ورک چارج ملازم کا بیٹا فہیم زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گیا۔ مقابلے کے باوجود مسلح ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گذشتہ روز مقتول فہیم کے ورثائ نے نعش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملزمان کوفی الفور گرفتارکیاجائے جبکہ پولیس نے نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔

علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں جاں بحق ہونیوالے فہیم کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیلئے ان کے گھر پہنچ گئے جہاں اظہارتعزیت کے دوران انہوں نے ورثاء کویقین دہانی کرائی کہ ہرقیمت پر ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایاجائیگا۔ اس موقع پر انہوں نے جائے واردات کا بھی معائنہ کیا اور پولیس افسران کوہدایات جاری کیں