سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ ہر قسم کی مدد کی جائے گی، وزیراعظم

ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے قوم کو متحد ہونا ہوگا؛ شہبازشریف کا سیلاب سے اموات پر اظہار افسوس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 16 اگست 2025 12:42

سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ ہر قسم کی مدد کی جائے گی، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اگست 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرین کی ہر قسم کی مدد کریں گی۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے خیبر پختونخواہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے اموات پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے قوم کو متحد ہونا ہوگا، سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کی ہر قسم کی مدد کریں گی، وزارت آئی ٹی نے ملک بھر میں 911ہیلپ لائن فعال کر دی ہے، موبائل نیٹ ورک کے ٹاورز متاثر یا غیر فعال ہونے کی صورت میں 911 سروس کام کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو خیبرپختونخوا ہحکومت سے تعاون جاری رکھنے کی ہدایت کی، شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی ٹیم امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے پشاور پہنچ گئی، ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے، این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کو امدادی سامان فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، شمالی علاقہ جات میں ممکنہ بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، اس لیے بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، سیاح حضرات سے التماس ہے اگلے 5 تا 6 روز تک شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔