ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس، اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

ہفتہ 16 اگست 2025 17:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم اسکیموں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں دریائے مناور توی کے کٹاؤ سے بچاؤ کے لیے گاؤں خلیل پور کے قریب حفاظتی اقدامات کے منصوبے کی منظوری دی گئی، جس پر 47.592 ملین روپے لاگت آئے گی۔

اس منصوبے کی تکمیل سے مقامی آبادی کو سیلابی خطرات اور زمین کے کٹاؤ سے محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔ منصوبے پر عملدرآمد گجرات کینال ڈویژن کے ذریعے کیا جائے گا، جس کی تکمیل کی تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔مزید برآں، اجلاس میں اقلیتی ترقیاتی فنڈ 2024-25 کے تحت انسانی حقوق و اقلیتی امور ڈپارٹمنٹ کی 26 اسکیموں کے لیے گیسٹیشن پیریڈ میں توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

ان اسکیموں کی مجموعی لاگت 182.000 ملین روپے ہے، جنہیں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے پہلے 6 مارچ 2025 کو منظور کیا تھا۔ ان میں سے 13 اسکیمیں والڈ سٹی لاہور اتھارٹی اور 13 اسکیمیں لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت مکمل کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :