Live Updates

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مردان کے وفد کی ملاقات

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:02

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مردان ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مردان کے سوشل ایکٹیوسٹ وفد نے کالج کے فعال سماجی کارکن محمد آفتاب کی قیادت میں بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔گورنر ہائوس پشاور کے تر جمان کے مطابق وفد میں کالج کے پروفیسر راحت اللہ، اسسٹنٹ پروفیسر محمد اسحاق، ہلال احمد سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے گورنر کو کالج میں جاری سماجی سرگرمیوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ وہ طلبہ کے تعاون سے روزانہ کی بنیاد پر ضرورت مند افراد کو خون کے عطیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے شدید سیلاب بالخصوص بونیر میں کلاؤڈ برسٹ اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی خون کے عطیات بھجوائے گئے۔

(جاری ہے)

وفد نے اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ حکومت بون میرو ٹرانسپلانٹ کا خرچ برداشت کرے کیونکہ یہ علاج عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے، جس کے باعث تھیلسیمیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا غریب مریض بروقت علاج سے محروم رہتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کو چاہیے کہ تھیلسیمیا سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے متعلق سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم شروع کرے تاکہ عوام میں شعور بیدار کیا جا سکے اور بروقت تشخیص و علاج ممکن ہو۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کی سماجی خدمات کو سراہا اور ان کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بلڈ ڈونیشن کو ایک عظیم انسانی خدمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے۔ گورنر نے یقین دلایا کہ وہ وفد کے مطالبات اور تجاویز کو متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے اور حکومت سے ممکنہ اقدامات کی سفارش کریں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات