صدر آزاد کشمیرکا مختلف اضلاع میں سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار

ہفتہ 16 اگست 2025 18:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔یہاں جاری بیان میں انہوں نے شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حکومت آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات، خیمے اور دیگر ضروریات زندگی سمیت ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔ ایسی حکمت عملی اور پائیدار منصوبہ بندی ترتیب دی جائے تاکہ آئندہ ایسے نقصانات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت آزادکشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم کو مزید بہتر اور فعال بنائے تاکہ قدرتی آفات کی صورت میں جانی اور مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے اور متاثرین کو بروقت امداد فراہم ہو اور وہ جلد از جلد نارمل زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔