Live Updates

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس

ہفتہ 16 اگست 2025 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ہفتہ کے روز ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پوٹھوہار ریجن اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ڈی سیز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ کے پی کے اور ملک کے بالائی علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں و کلاڈ برسٹنگ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب الرٹ رہے، آئندہ 3 روز میں پنجاب میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ بالائی پنجاب میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاڈ برسٹنگ کا خدشہ ہے،موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام انتظامیہ ہائی الرٹ رہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر حساس مقامات پر ریسکیو ٹیموں کو تعینات کریں۔ریسکیو سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رکھیں ۔ انہوں نے تمام اضلاع کو وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہو ئے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب اضلاع کو تمام تر وسائل اور معاونت کو فوری یقینی بنائے گا،مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل زیادہ مضبوط اور طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے ،دریائوں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب صوبائی ایمرجنسی کنٹرول روم ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز سے 24 گھنٹے رابطے میں ہے ،ریسکیو، سول ڈیفنس ،محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی ہائی الرٹ رکھیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں میں عملے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، تمام حساس مقامات بالخصوص ہسپتالوں کے اطراف نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ موسلادھار بارش کی صورت میں شہریوں کو پیشگی آگاہ کریں، مساجد میں اعلانات اور لوکل سطح پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ اجلاس میںراولپنڈی ،مری ،جہلم ،چکوال، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، رحیم یار خان اورلیہ کے ڈی سیز نے شرکت کی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :