وفاقی پولیس کی کارروائی، دو رکنی چور گینگ گرفتار ،قیمتی سامان برآمد

ہفتہ 16 اگست 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے ایک منظم چور گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر کے قیمتی سامان برآمد کر لیا۔ہفتہ کوپولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تکنیکی اور انسانی انٹیلی جنس پر کارروائی کرتے ہوئے ہمک پولیس کی ٹیم نے وفاقی دارالحکومت میں چوری کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا، جن کی شناخت قاسم نواز اور ناصر اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے قبضے سے موبائل فون، نقدی اور اسلحہ کے ساتھ جرائم میں استعمال ہونے والا گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز محمد شعیب خان نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی مجرم کو عوام کے امن و سکون کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔