مقبوضہ جموں وکشمیر میں91سرکاری ویب سائٹس بند رہنے سے عوامی خدمات متاثر

ہفتہ 16 اگست 2025 22:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں مئی کے پہلے ہفتے سے 91سرکاری ویب سائٹس غیر فعال ہیں جس سے اہم سروسز تک عوام کی رسائی ناممکن ہوگئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کی ای گورننس ایجنسی نے ضلع گاندربل سے تعلق رکھنے والے ایک سماجی کارکن سید عادل کی جانب سے دائر کردہ حق معلومات کی درخواست کے جواب میں اس بات کی تصدیق کی کہ مطلوبہ'' سیف ٹو ہوسٹ'' سرٹیفکیٹس کی عدم دستیابی کی وجہ سے ویب سائٹس بند ہیں۔

(جاری ہے)

ایجنسی نے کہاکہ ویب سائٹس کو آف لائن کیا گیا کیونکہ متعلقہ محکمے لازمی سیکیورٹی آڈٹ کرنے میں ناکام رہے۔ ایجنسی نے کہا کہ یہ آڈٹ اب جاری ہیں۔ تاہم اس نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا سروسز کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے عارضی اقدامات یا متبادل انتظامات کیے گئے ہیں یا نہیں۔سید عادل نے ان ویب سائٹس کو بحال کرنے میں ناکامی پر حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکاری طورپر انکشاف کیاگیا ہے کہ 91ویب سائٹس بند ہیں لیکن اصل تعداد 150کے لگ بھگ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ان ویب سائٹس کو بحال کرنے کے لیے کوئی خاص اقدامات نہیں کررہی ہے جس سے اس کی غیرسنجیدگی ظاہر ہوتی ہے۔