کراچی پورٹ پر اے این ایف کی کارروائی،کروڑوں روپے مالیت کی ممنوعہ ادویات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

تلاشی کے دوران کنٹینر سے 72 لاکھ ٹراما ڈول گولیاں برآمد ہوئیں، ان گولیوں کو گارمنٹس کی آڑ میں چھپا کر اسمگل کیا جارہا تھا،اے این ایف

اتوار 17 اگست 2025 14:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء) اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں مالیت کی ممنوعہ ادویات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے این ایف پورٹ کنٹرول یونٹ کے عملے نے سائوتھ ایشیا پاکستان ٹرمنل پر کامیاب کارروائی کی۔اس حوالے سے اے این ایف ذرائع نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کراچی سے ٹیما گھانا جانے والے کنٹینر کو روکا گیا اور کروڑوں روپے مالیت کی ممنوعہ ادویات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تلاشی کے دوران کنٹینر سے 72 لاکھ ٹراما ڈول گولیاں برآمد ہوئیں، ان گولیوں کو گارمنٹس کی آڑ میں چھپا کر اسمگل کیا جارہا تھا۔برآمد شدہ مال کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 30کروڑ روپے سے زائد ہے، کنٹینر میں 144کارٹنز کے اندر گولیوں کو رکھا گیا تھا۔اے این ایف ذرائع نے بتایا کہ کنٹینر کو بک کرانے والے کا پتہ لطیف کلاتھ مارکیٹ کھارادر کراچی کا ہے۔ خفیہ اطلاع پر اے این ایف پورٹ کنٹرول یونٹ نے فوری طور پر مذکورہ جگہ چھاپہ مار کارروائی کی۔ذرائع کے مطابق ٹراما ڈول کو انسداد منشیات کے قوانین کے تحت کنٹرول کیا جاتا ہے، برآمد کی جانے والی ٹراما ڈول گولیاں پاکستان کسٹمز کے حوالے کی جائیں گی۔