وزیرِ تعلیم سمیت ضلعی و سماجی شخصیات کا عذرا عبدالحی کی تدریسی خدمات پر خراجِ تحسین

اتوار 17 اگست 2025 16:40

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول 65-ڈبلیو بی اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول شرقی کالونی کی سابق پرنسپل محترمہ عذرا عبدالحی کی ریٹائرمنٹ پر اُن کی شاندار تدریسی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر تحریر کیا کہ عذرا عبدالحی ایک بڑی الوداعی تقریب کی مستحق ہیں ان جیسی شخصیات حقیقی معنوں میں تعلیم اور قوم کی خدمت کے لیے مثال ہیں۔

اُنہوں نے اپنی زندگی علم کے فروغ اور نئی نسل کی تربیت کے لیے وقف کی، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اس پوسٹ کو اساتذہ برادری اور عوامی حلقوں میں بے حد پذیرائی ملی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر، رکن صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید، ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ملتان چوہدری سعید اختر، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز، ضلعی افسران، اساتذہ،تدریسی تنظیموں، یونینز،سماجی اور سیاسی شخصیات نے بھی ان کی تعلیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

عذرا عبدالحی نے تمام شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہامیں شکر گزار ہوں کہ میری محنت کو سراہا گیا، یہ پذیرائی دراصل ہر استاد کی جیت ہے۔استاد کا اصل انعام شاگردوں کی کامیابی اور معاشرے کا اعتماد ہوتا ہے، اور آج یہ لمحہ میرے لیے باعثِ فخر ہے۔آپ سب کی محبت اور حوصلہ افزائی میرے لیے زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پذیرائی سے ہر محنت کرنے والے استاد کا حوصلہ بلند ہوگا اور آنے والی نسلیں تعلیم کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گی۔عوامی سطح پر ’’سکول ایجوکیشن انفارمیشن‘‘ پیج پر بھی ان کی خدمات کو نمایاں کرنے اور خراج تحسین پیش کرنے پر انہوں نے پیج ایڈمن کا شکریہ اداکرتےہوئےکہا اس سے اساتذہ کے وقار میں مزید اضافہ ہواہے۔\378