لاہور میں ٹرانس جینڈرز کی نامناسب پارٹی منعقد ہوئی‘ماریہ بی کا دعوی

پارٹی میں شیطانی نشانات اور علامات کی بھی تشہیر کی گئی‘فیشن ڈیزائنر نے ویڈیو بھی دکھائی

اتوار 17 اگست 2025 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے ٹرانس جینڈرز کی نامناسب ڈانس پارٹی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ پارٹی پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں منعقد ہوئی۔ماریہ بی نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ رواں ماہ میں ہی لاہور میں ٹرانس جینڈرز کی نامناسب ڈانس پارٹی منعقد کی گئی، جس میں شیطانی نشانات اور علامات کی بھی تشہیر کی گئی۔

ماریہ بی کے مطابق انہیں مذکورہ ویڈیوز بعض نوجوان اور کم عمر بچوں نے بھیجی جو مذکورہ پارٹی میں گئے تھے لیکن انہیں یہ علم نہیں تھا کہ وہاں ایسا کچھ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ جلد ہی پاکستان میں ٹرانس جینڈرز کی کہانی پر مبنی فلم جوائے لینڈ کو بھی نمائش کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ماریہ بی کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہونے والی ٹرانس جینڈرز کی پارٹی میں اسٹیج پر جاکر فحش پرفارمنس بھی کی گئی جبکہ اس میں شیطانی علامات اور نشانات کی بھی تشہیر کی گئی۔

انہوں نے پنجاب حکومت، پولیس اور وفاقی حکومت سمیت دیگر اداروں سے سوال کیا کہ وہ اس ضمن میں کیا کر رہے ہیں۔انہوں نے ویڈیو کے آغاز میں کہا کہ ان کی ویڈیو بچے اور کم عمر افراد نہ دیکھیں، انہوں نے اپنی ویڈیو میں ونڈو کی صورت میں مبینہ طور پر لاہور میں ہونے والی پارٹی کی ویڈیو بھی چلائی۔