بٹگرام کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم، عوام کے لیے سہولیات کی فراہمی جاری

اتوار 17 اگست 2025 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات اور صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شیردل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور تحصیلدار بٹگرام کی نگرانی میں شملائی کے علاقے میں ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے۔

کیمپ میں میڈیکل ٹیم، پھل اور ضروری اشیائے خورونوش فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو فوری سہارا مل سکے۔ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا کہنا ہے کہ وہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر متاثرہ علاقوں میں عوام الناس کی ہر ممکن مدد کریں گے، اور ریلیف کی فراہمی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام متاثرہ افراد کو بنیادی سہولیات مہیا نہیں ہو جاتیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح بٹگرام میں حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے والی سڑکوں کی بحالی کا عمل جاری ہے۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور چیف سیکٹری خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کی نگرانی میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے حالیہ بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متاثرہ سڑکوں پر بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں الائی روڈ سے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے آنے والا ملبہ ہٹا دیا گیا ہے اور اسے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے تاکہ مقامی لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہو اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

جبکہ بٹگرام ' ڈھیری حلیم نیل بن واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن صبح 6:00 بجے دوبارہ شروع کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ بٹگرام کی جانب سے ضلع بٹگرام کی حدود میں واقع نالوں میں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے گزشتہ شب اندھیرے اور دشوار گزار راستوں کے باعث معطل کیا گیا آپریشن صبح سویرے روشنی ہوتے ہی دوبارہ شروع کیا گیا۔آپریشن میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شیر دل کے زیر نگرانی میں تحصیلدار بٹگرام سعید احمد، ریونیو عملہ، ریسکیو 1122، پولیس اور ٹی ایم اے بٹگرام کے اہلکار شریک ہیں۔ باقی لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔