حالیہ سیلاب کے دوران گلگت بلتستان کے دورافتادہ گاؤں ٹیرو تحصیل پھنڈر کا زمینی راستہ دوسرے علاقوں سے کٹ گیا

اتوار 17 اگست 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) حالیہ سیلاب کے دوران گلگت بلتستان کے دورافتادہ گاؤں ٹیرو تحصیل پھنڈر کا زمینی راستہ دوسرے علاقوں سے کٹ چکا تھا،آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان کے گاؤں ٹیرو میں پاک فوج کی جانب سے فیلڈ ہسپتال کا قیام عمل میں لایا گیا، 4 ڈاکٹروں بشمول ماہر امراضِ بچگان، گائنی اسپیشلسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ اور جی ڈی ایم او ٹیم کا حصہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث مقامی آبادی کو صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے پیشِ نظر پاک فوج نے علاقے میں ریسکیو آپریشن کیا۔ڈاکٹروں کی ٹیم نے متاثرہ مریضوں کا معائنہ کرکے انہیں ادویات فراہم کیں۔ڈاکٹروں کی ٹیم ضروری ادویات کے ہمراہ متاثرہ علاقے میں قیام کرے گی اور مقامی عوام کو 24 گھنٹے طبی سہولیات فراہم کرے گی۔ہیلی کاپٹر کے ذریعے 4 شدید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاکہ انہیں بروقت علاج کی سہولت میسر آسکے۔پاک فوج کی جانب سے متاثرین میں راشن کے تھیلے بھی تقسیم کئے گئے، جن میں آٹا، چاول، دالیں، پینے کا پانی اور دیگر اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔پاک فوج کا عوامی خدمت کا مشن متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا۔