شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا کے اضلاع میں موجود حساس مقامات کا رُخ کرنے والے سیاح احتیاطی تدابیر اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں ، پی ٹی ڈی سی

اتوار 17 اگست 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا کے اضلاع میں موجود حساس مقامات کا رُخ کرنے والے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں کیونکہ ان علاقوں میں بادل پھٹنے اور گلیشیئر پگھلنے کے خطرات موجود ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی واقعے سے بچا جا سکے۔

اتوار کواے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی ڈی سی کے ایک اہلکار نے حادثات سے بچاؤ اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک خوبصورت سفر صرف اسی وقت ممکن اور یادگار ہوتا ہے جب آپ محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔

پی ٹی ڈی سی نے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ مون سون کے موسم اور ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر اپنی منزل اور سڑکوں کی حالت سے متعلق مکمل معلومات حاصل کریں۔انہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں سیاح پہاڑی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں تاکہ خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں اور اپنی یادیں تازہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر آنے والوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے لہٰذا ڈرائیوروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی لین استعمال کریں اور دوہری لین کا استعمال نہ کریں تاکہ پریشانیوں اور حادثات سے بچا جا سکے۔

اہلکار نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ سفر پر روانگی سے قبل مکمل معلومات کے ساتھ اپنے راستے کی منصوبہ بندی کریں اور جہاں رات گزارنی ہو وہاں ہوٹل کی بکنگ پہلے سے کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ رات کو مکمل نیند لیں اور دن کے وقت سفر کریں تاکہ راستے میں رک کر نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ بہتر یہی ہے کہ آپ صبح سویرے روانہ ہوں اور سورج غروب ہونے سے پہلے اپنی منزل پر پہنچ جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دورانِ سیاحت کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں سیاح 1122 یا 1422 پر کال کر سکتے ہیں۔