وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا سی ای او ریلوے کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ،صفائی ستھرائی کا جائزہ

اتوار 17 اگست 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اتوار کو سی ای او ریلوے کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات اور انتظار گاہوں میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اس موقع پر مسافروں سے براہِ راست فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔

(جاری ہے)

کراچی سے آنے والے مسافروں نے مطالبہ کیا کہ دیگر شہروں کے ریلوے اسٹیشنوں پر بھی لاہور طرز کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مسافروں کو یقین دہانی کرائی کہ 10ستمبر تک کراچی میں لاہور ماڈل سہولیات مہیا کر دی جائیں گی جبکہ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی یہ ماڈل مرحلہ وار ریپلیکیٹ کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ اسٹیشنوں پر اوور چارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں متعلقہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔