مصر کا برآمدات میں اضافہ کیلئے 2026 کے آخر تک 4 نئے پبلک فری زونز قائم کرنے کا اعلان

پیر 18 اگست 2025 11:32

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) مصر نے برآمدات میں اضافہ کیلئے 2026 کے آخر تک 4 نئے پبلک فری زونز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق جنرل اتھارٹی فار انویسٹمنٹ اینڈ فری زونز نے اعلان کیا ہے کہ مصر 2026 کے اختتام تک چار نئے پبلک فری زونز قائم کرے گا تاکہ صنعتی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے اور برآمدات میں اضافہ ہو۔

ریاستی انفارمیشن سروس کے مطابق ملک کی موجودہ 9 فری زونز میں گنجائش 95 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور نئے فری زونز کے قیام کا فیصلہ وزارتی گروپ برائے صنعتی ترقی کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے ، نئے زونز ٹینتھ آف رمضان،، نیو اکتوبر، نیو برج العرب اور نیو الامین میں قائم ہوں گے۔جی اے ایف آئی کے سی ای او حسام ہیبہ نے بتایا کہ ان نئے فری زونز کی پیداوار صرف برآمدات کے لیے مختص ہوگی تاکہ مصر 2030 تک سالانہ 140 بلین ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کر سکے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام مقامی صنعت کاروں کے ساتھ مقابلے سے بچنے، شفاف سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور گرین ٹرانزیشن اہداف کی معاونت کے لیے کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جی اے ایف آئی نئی اربن کمیونٹیز اتھارٹی کے ساتھ مل کر بنیادی ڈھانچے کی تیاری کو تیز کرنے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ مزید تین فری زونز پر غور کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 16 ہو سکتی ہے۔مصری حکومت نے اپنی "انویسٹمنٹ فار ایکسپورٹس" اسٹریٹجی کے تحت فری زونز کو برآمدی ترقی کا کلیدی محرک قرار دیا ہے، جس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنا اور ملک کے صنعتی ڈھانچے کو وسعت دینا ہے۔

متعلقہ عنوان :