وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کی صحافیوں سے تحریک آزادی کشمیرکو اجاگر کرنے کی اپیل

پیر 18 اگست 2025 16:51

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے صحافیوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر اور عام آدمی کے مسائل کو اجاگر کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انوارالحق نے یہ بات کشمیر پریس کلب ضلع بھمبر کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

نئے عہدیداروں میں صدر راجہ شہزاد اقبال، جنرل سیکرٹری سہیل انور جرال، سینئر نائب صدر ملک شاہجہان اعوان، نائب صدر قاسم شفقت جرال، سیکرٹری فنانس عبدالحمید جرال اورسیکرٹری نشرو اشاعت چوہدری ثاقب جاوید شامل ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جسے ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی شکل دی جا رہی ہے۔انہوں نے بھمبر میں میڈیکل کالج کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا اور پریس کلب کی عمارت کی تعمیر کے لیے تعاون کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل پر پوری توجہ دے رہی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پریس فائونڈیشن کی گرانٹ میں اضافہ کیاگیا ہے۔