پیاف پائنیئر بزنس گروپ پروگریسیو الائنس کا اجلاس، تجارتی و معاشی مسائل پر تبادلہ خیال

پیر 18 اگست 2025 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) پیاف پائنیئر بزنس گروپ پروگریسیو الائنس کا ایک اہم اجلاس چیئرمین میاں انجم نثار کی زیر صدارت میں منعقد ہوا،جس میں ملکی تجارتی و معاشی صورتحال،تاجر برادری کے مسائل لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیااور معاشی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد،سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان،نائب صدر شاہد نذیر چودھری،سابق صدر محمد علی میاں، چیئرمین پائنیر بزنس گروپ علی حسام اصغر، چیئرمین پیاف فہیم الرحمن سہگل، نصراللہ مغل، خرم لودھی، تنویر احمد، عبدالودود علوی، چودھری محسن بشیر، ارشد خان اور دیگر سینئر تاجروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف شعبہ ہائے تجارت و صنعت سے تعلق رکھنے والے اہم اراکین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

چیئرمین میاں انجم نثار نے اجلاس کے دوران صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری کی بہترین کارکردگی کی خصوصی تعریف کی اور اجلاس کے شرکا نے انہیں کھڑے ہو کر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے آواز بلند کرنا اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ہر ادارے اور رہنما کی ذمہ داری ہے۔

صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے منتخب ہونے کے وقت وعدہ کیا تھا کہ تاجر برادری کے مسائل کو ترجیح دیں گے اور آج ہم اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہیں۔لاہور چیمبر ہر کاروباری ادارے کوسہولت مہیا اور رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تعاون اور پالیسی ساز اداروں سے مسلسل رابطہ کاروباری ماحول کو مستحکم بنانے کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ بھی ملکی معیشت اور صنعتی ترقی کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے کہا کہ لاہور چیمبر اور پیاف پائنیئر بزنس گروپ کے اتحاد سے کاروباری اور صنعتی ڈھانچے کی مضبوطی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی پالیسیز،کاروباری سہولیات اور صنعت دوست اقدامات سے پاکستان کی صنعتی ترقی میں تیزی آئے گی۔

علی حسام اصغر نے کہا کہ کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے الائنس بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل پر فوری توجہ دی جائے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ اور ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔سابق صدر محمد علی میاں نے لاہور چیمبر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور ہوئی اور تمام شرکا نے کھڑے ہوکر خراج تحسین پیش کیا۔

محمد علی میاں نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل حل کرکے معاشی استحکام کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے اور اس سے سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ صنعتی ترقی اور کاروبار دوست پالیسیوں کے فروغ کیلئے حکومت اور تجارتی اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم ہونا ضروری ہیں۔اجلاس کے دوران یہ بھی بات سامنے آئی کہ معاشی بحالی کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں،ان پر عملدرآمد اور تجاویز کی تکمیل کیلئے تاجر برادری اور تجارتی اداروں کی رائے کو زیادہ فعال طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔