سیلاب سے نمٹنے کیلئے قومی سطح پر کوششیں جاری، صوبوں سے رابطہ ہے، عطا تارڑ

پیر 18 اگست 2025 17:14

سیلاب سے نمٹنے کیلئے قومی سطح پر کوششیں جاری، صوبوں سے رابطہ ہے، عطا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد ہمارا قومی فریضہ ہے، وفاقی حکومت قومی ذمہ داری کے تحت اپنا کردار نبھا رہی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے، متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت سیلاب اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق اجلاس کے بعد وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مون سون کی حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سمیت خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں جاری امدادی اور ریسکیو آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مؤثر انداز میں رابطہ کاری کی جا رہی ہے، این ڈی ایم اے کے ذریعے ابتدائی وارننگ سسٹم کے تحت متعلقہ حکام کو باقاعدگی سے ڈیٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔