پاکستان ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی خطرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ، چیئرمین سینیٹ

پیر 18 اگست 2025 17:14

پاکستان ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی خطرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی خطرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لیے پارلیمانی سطح پر تعاون بڑھانا اور بہترین عالمی تجربات سے سیکھ کر مؤثر قانون سازی وقت کی ضرورت ہے، وہ پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و ٹیکنالوجی تعاون (کامسٹیک) اور ایتھوپیا کے سفارتخانے کے اشتراک سے’’ایتھوپیا۔

پاکستان گرین ڈائیلاگ: گرین لیگیسی سے اسباق‘‘ کے عنوان سے کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔چیئرمین سینیٹ نے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں ایتھوپیا کے گرین لیگیسی ماڈل کو پاکستان کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

کامسٹیک سیکرٹریٹ کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب میں کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی اور ماحولیاتی انحطاط سے نمٹنے کے لیے گرین ڈپلومیسی اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال باکر عبداللہ نے گرین لیگیسی مہم کے شاندار نتائج کے حوالے سے کہا کہ اس سے دنیا بھر میں شجرکاری اور پائیدار اقدامات کی ایک نئی مثال قائم ہوئی ہے۔اس موقع پر مختلف وفود کے سربراہان اور معزز مہمانوں نے پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے علاقائی و عالمی تعاون پر زور دیا۔ تقریب کے دوران گرین لیگیسی ایوارڈز دیے گئے، علامتی شجرکاری کی گئی اور گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔

ماہرین اور پالیسی سازوں نے پینل ڈسکشن میں گرین لیگیسی کے حوالے سے حکمت عملیاں، پالیسی فریم ورک اور کمیونٹی ماڈلز پر تبادلہ خیال کیا۔ سوال و جواب کے سیشن اور نیٹ ورکنگ لنچ کے دوران شرکا نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ماحولیاتی بحالی اور پائیدار ترقی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔تقریب کے آخرتقریب کا اختتام دونوں ممالک کے اس عزم پر ہوا کہ وہ ایک سرسبز، پائیدار اور بہتر مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔