امریکی شہر ہوسٹن میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی جذبۂ حب الوطنی، اتحاد اور ثقافتی ورثے کے اظہار کے ساتھ منایا گیا

پیر 18 اگست 2025 17:19

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہوسٹن میں پاکستانی نژاد کمیونٹی نے پاکستان کا 79واں یومِ آزادی جذبۂ حب الوطنی، اتحاد اور ثقافتی ورثے کے اظہار کے ساتھ بھرپور انداز میں منایا ۔ یہ تقریبات ’’آرٹس، کلچر اینڈ ٹیسٹ پاکستان فیسٹیول 2025‘‘ کے تحت منعقد ہوئیں، جن کا عنوان ’’معرکہ حق‘‘ رکھا گیا جو پاکستان کے اس عزم کی علامت ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے ہر قسم کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔

اس موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود ہیں اور اپنے بہادر سپوتوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں سربلند رکھا۔

(جاری ہے)

ہماری افواج نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’’بنیانِ مرصوص‘‘ کا حقیقی مفہوم تب ہی پورا ہوگا جب پاکستان اقتصادی طور پر مضبوط ہو کر اقوامِ عالم میں باوقار مقام حاصل کرے گا۔

مضبوط معیشت، ناقابلِ تسخیر دفاع کی بنیاد ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حالیہ اقتصادی پیشرفت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیاں بھی پاکستان کی معاشی بحالی کو سراہ رہی ہیں۔ انہوں نے پاک۔ امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ’’مثبت سمت اور آگے کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت داری محض ایک آپشن نہیں بلکہ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو ’’دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ترین پل‘‘ قرار دیا اور انہیں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اپنا کردار جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر ہوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری، ان کی ٹیم اور کمیونٹی رہنماؤں سراج نرسی، سعید شیخ اور رضاکاروں کی خدمات کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب میں سفارتی و کاروباری شخصیات، پروفیشنل افراد اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ہوسٹن کے میئر جان وٹمائر کی جانب سے یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی اعزازی اعلامیہ بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ تقریب میں گلور تحسین جاوید نے اپنے فن کا مظاہرہ کیااور اس کے بعد پاکستانی لائنز کلب کی جانب سے خوبصورت فیشن شو پیش کیا گیا، جس میں پاکستان کے روایتی ملبوسات کو دلکش انداز میں پیش کیا گیا۔

تقریب کے دوران پاکستان کی تاریخ، تحریکِ آزادی اور ترقیاتی سفر پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔تقریب کے دوران بچوں کے لئے رنگا رنگ پینٹنگ سیشنز، جھولے اور خاندانی تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قائم کئے گئے کارنر میں پاکستانی آم شرکاکی خصوصی توجہ کا مرکز بنے، جہاں مہمانوں نے اعلیٰ معیار کے پاکستانی آموں سے لطف اُٹھایا۔تقریب کے اختتام پر ترکش ایئرلائنز نے جوش و خروش مزید بڑھا دیا اور منفرد قرعہ اندازی کے ذریعے 2خوش نصیب شرکا کو دنیا کے کسی بھی مقام کے لئے ریٹرن ایئر ٹکٹ دیئے گئے، ساتھ ہی استنبول میں قیام، ہوٹل اور مہمان نوازی پر مبنی مکمل پیکیج بھی شامل تھا۔