پاکستان شاہینز نے میلبرن رینیگیڈز کو 73 رنز سے شکست دے دی

پیر 18 اگست 2025 20:53

ڈارون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں پاکستان شاہینز نے میلبرن رینیگیڈز کو 73 رنز سے شکست دے دی۔ عبدالصمد نے ناقابل شکست سنچری اسکور کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ شاہینز کی یہ تین میچ کھیل کر دوسری کامیابی ہے۔ پیر کو ڈارون میں کھیلے گئے سیریز کے 15ویں میچ میں میلبرن رینیگیڈز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

عبدالصمد نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 63 گیندوں پر ناقابل شکست 110 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔ کپتان عرفان خان 23 اور محمد فائق 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میلبرن رینیگیڈز کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 105 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جوشوآ براؤن 36 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ پاکستان شاہینز کے باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کی۔ معاذ صداقت نے تین اور فیصل اکرم نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان شاہینز سیریز کا اگلا میچ 19 اگست کو کنگزمین کے خلاف کھیلے گی۔