سانحہ 9 مئی کیس: سزا یافتہ سابق ارکان کی نااہلی پر سماعت کل ہوگی

پیر 18 اگست 2025 21:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2025ء) سانحہ 9 مئی کے سزا یافتہ سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سزا یافتہ سرنڈر کیے بغیر عدالت سے کیسے رجوع کرسکتے ہیں جسٹس خالد اسحاق نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے پر کل دلائل طلب کرلیے۔

سماعت کے دوران سابق ایم پی اے احمد خان بھچر، جنید افضل ساہی اور سابق ایم این اے احمد چٹھہ کی درخواستوں پر بحث ہوئی۔ پنجاب حکومت کی نمائندگی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصراحمد مرزا نے کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے شہزاد شوکت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن کے نمائندوں نے مؤقف اپنایا کہ یہ درخواستیں قابلِ سماعت ہی نہیں کیونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پہلے سے موجود ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ پٹیشنرز کہاں ہیں اور سرنڈر کیے بغیر اپیل کیسے دائر ہوسکتی ہی وکیلِ درخواست گزار نے بتایا کہ ان کے مؤکلوں نے اپیل فائل کر رکھی ہے جو سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی۔جسٹس خالد اسحاق نے ریمارکس دیے کہ میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ پٹیشنرز کے مستقل وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔ عدالت نے سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی۔