تمام محکمے خلوص نیت سے اپنے فرائض سرانجام دیں، اکرام اللہ

کسی بھی قسم کی غفلت یا تساہل کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا

پیر 18 اگست 2025 21:39

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا (پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ) اکرام اللہ نے کہا ہے کہ تمام محکمے خلوص نیت سے اپنے فرائض سرانجام دیں، کسی بھی قسم کی غفلت یا تساہل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے دیں۔

اجلاس میں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن ظفر الاسلام کے علاوہ ریجنل پولیس آفیسر سید اشفاق انور، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عبد الناصر خان، ڈپٹی کمشنر ٹانک، جنوبی وزیرستان(آن لائن)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پاک فوج، محکمہ صحت، تعلیم، ایریگیشن، لائیوسٹاک، ڈبلیو ایس ایس سی، ٹی ایم اے، ریسکیو1122، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، سول ڈیفنس، پختونخوا ہائی وے اتھارٹی، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، سی اینڈ ڈبلیو و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ دریا کی حدود میں آنے والے علاقوں کو کلیئر کر ا لیا گیا ہے جبکہ تجاوزات کے خلاف رائٹ آف وے اور ریور پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مہم کے دوران مستقل عمارتوں کو گرا دیا گیا ہے۔ اسی طرح سیلاب کی گزرگاہوں (نشیبی علاقوں)میں آنے والے علاقوں میں اعلانات کرائے جا چکے ہیں تاکہ ایسے مقامات کو بروقت خالی کر لیا جائے۔

اسی طرح نکاسی آب کے نالوں کیلئے تعمیر کیے گئے گیٹس کی فعالیت کو چیک کیا جا چکا ہے اور ضرورت پڑنے پر گیٹس بند کر کے backflowکا تدارک کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح مختلف مقامات پر متعلقہ محکموں کی جانب سے فرضی مشقیں بھی کی جا چکی ہیں جبکہ سال2022کے سیلاب کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔اسی طرح نہروں میں ڈی سلٹنگ کے ساتھ ساتھ رود کوہی چینلز کے راستوں میں جھاڑیوں وغیرہ کی صفائی بھی کرائی گئی ہے۔

ضلع ٹانک اور ساتھ میں بھی انتظامات کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اکرام اللہ نے کہا کہ تمام محکمے خلوص نیت سے اپنے فرائض سرانجام دیں، فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت یا تساہل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری اقدامات کے تسلسل میں مختلف محکموں نے جو مطالبات فراہم کیے ہیں انکو جلد پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سول ادارے اپنا کام احسن طریقے سے کریں جبکہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج کی معاونت بھی حاصل رہی گی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں لوگوں کو شیلٹر والے مقامات پر منتقلی کیلئے پلان تیار رکھیں جبکہ مویشیوں کیلئے ویکسینز اور مختلف قریبی مقامات پر پوائنٹس بھی بنائیں جائیں۔اسی طرح ہسپتالوں میں اینٹی وینم سمیت دیگر بیماریوں کیلئے ادویات دستیاب ہونے چائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کنٹرول رومز بھی قائم کیے جائیں تاکہ صورتحال سے متعلق بروقت آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بروقت اقدامات کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔