رشید الحسن اولمپیئن ہاکی اکیڈمی گوجرہ نے سلیم ناظم اولمپیئن الیون کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول سے ہرا دیا

پیر 18 اگست 2025 23:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)ایم ایچ عاطف ہاکی اکیڈمی کے زیرِ اہتمام راؤ سلیم ناظم اولمپیئن میموریل ہاکی ٹورنامنٹ فیصل آباد ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہو گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح ہاکی لیجنڈ دیوار چین کا خطاب پانے والے اولمپیئن منظور الحسن سینئر نے کیا۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ رشید الحسن اولمپیئن ہاکی اکیڈمی گوجرہ اور سلیم ناظم اولمپیئن الیون کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو کہ رشید الحسن ہاکی اکیڈمی گوجرہ نے ایک سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔

افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی ہاکی لیجنڈ دیوار چین کا خطاب پانے والے منظور الحسن سینئر اولمپیئن کی گرائونڈ میں آمد پر ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر راؤ احمد ثنان اور آرگنائزنگ سیکرٹری محمد یامین بھٹی نے شانداراستقبال کیا۔

(جاری ہے)

مرحوم راؤ سلیم ناظم اولمپیئن کی مغفرت کے لئے اور ملک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر مہمانان گرامی ڈاکٹر شکیل جٹ، ناصر دلشاد سندھو، محمد نعیم اقبال، رانا محسن خان کے ساتھ محمد شاہد انٹرنیشنل، ملک رشید، کاشف کامران، محمد عباس، قمر اکرام گجر، محمد شہزاد 32 چک والے کے علاوہ تماشائیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جو میچ سے لطف اندوز ہوئے، رانا محمد ارشاد، اصغر علی جعفری، محمد عامر اور الماس صدیقی نے فیلڈ جیوری میں فرائض جبکہ معظم علی اور محمد غفران نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔