پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں وفد کاکوالالمپور میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن ہیڈکوارٹر کا دورہ

پیر 18 اگست 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے اعلیٰ سطحی وفد جس کی قیادت صدر سید محسن گیلانی نے کی، کوالالمپور میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا تاکہ پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے مستقبل پر بات چیت کی جا سکے۔ ملاقات میں فٹ بال کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور طویل مدتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اے ایف سی نے پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

پی ایف ایف کے وفد میں نائب صدر ذکاء اللہ، قائم مقام سیکرٹری جنرل محمد شاہد نیاز کھوکھر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز و ڈویلپمنٹ عمیر اللہ خان شامل تھے۔ اے ایف سی کے وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل داتوک سری ونڈسر جوہن نے کی جبکہ دیگر اعلیٰ حکام میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل شن مان گل، ڈائریکٹر فنانس/ایچ آر/آئی ٹی بی چندرا موہن، ڈائریکٹر لیگل افیئرز اینڈریو مرسر، ڈائریکٹر کمرشل ڈپارٹمنٹ اینڈریو راجرز، ہیڈ آف فٹ بال ڈویلپمنٹ جوسی مارسيلینو زیڈ کارپیو اور سینئر مینجر سائوتھ ایشیا یونٹ (ایم اے ڈویژن) سونم جگمی بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

اے ایف سی کے اعلیٰ عہدیداران کی موجودگی نے اس ملاقات کی اہمیت کو اجاگر کیا جس میں گورننس، تکنیکی ترقی اور فٹ بال کی نشوونما کے دیگر اہم پہلوئوں پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے لیے اے ایف سی کی ہمہ جہت حمایت کو ظاہر کرتا ہے جو اس کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کے وژن کے تحت ہے، ہم اے ایف سی کے سیکرٹری جنرل داتوک سری ونڈسر جوہن کی رہنمائی کو بھی بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی قیادت پی ایف ایف کی انتظامی کارکردگی کو موثر بنانے میں مسلسل معاون ثابت ہو رہی ہے۔