نوسیری ڈیم میں جو لکڑ آئی وہ کلائوڈ برسٹ اور سیلاب سے زمینی کٹائی کا نتیجہ ہے،ناظم جنگلات

نوسیری ڈیم میں جمع ہونے والی لکڑ کو جواز بناکر محکمہ جنگلات کے خلاف پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے،میڈیا سے گفتگو

منگل 19 اگست 2025 17:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)ناظم جنگلات مظفرآباد سرکل میر نصیر احمد نے کہا ہے کہ نوسیری ڈیم یں جمع ہونے والی لکڑ محکمہ جنگلات کی طرف سے برید شدہ نہیں بلکہ یہ لکڑ مختلف علاقوں میں کلائوڈ برسٹ اور سیلاب کی وجہ سے بہہ کر آئی ہے جسے محفوظ کرلیا گیا ہے۔حکومت آزادکشمیر کی طرف سے آزادکشمیر بھر میں جنگلات کے کٹائو پر پابندی عائد ہے یہ پابندی نہ صرف سرکاری جنگلات کے لیے بلکہ پرائیویٹ جنگلات سے لکڑ کی برید ونکاسی پر بھی مکمل پابندی عائد ہے۔

اس وقت محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام جنگلات سے لکڑ کی برید کا کوئی ٹھیکہ یا سکیم نہیں چل رہے ،پہلے سے برید شدہ لکڑ محکمہ کے ڈپوئوں میں محفوظ ہے۔نوسیری ڈیم میں جمع ہونے والی لکڑ کو جواز بناکر محکمہ جنگلات کے خلاف پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوسیری ڈیم میں جو لکڑ آئی وہ کلائوڈ برسٹ اور سیلاب سے زمینی کٹائی کا نتیجہ ہے۔

محکمہ جنگلات نے سیلاب میں بہہ کر آنے والی لکڑ کو محفوظ بنانے کلیے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں،محکمہ جنگلات کے آفیسران اور اہلکاران کی بڑی تعداد نوسیری ڈیم پر تعینات رہی اور لکڑ کو محفوظ بنانے کے لیے دن رات کام کیا۔اس سلسلہ میں انتظامیہ اور پولیس کا تعاون بھی حاصل کیا گیا۔انتظامی افسران اور پولیس کی بھاری نفری نوسیری ڈیم پر تعینات رہی۔ڈیم میں جمع ہونے والی لکڑ کو محفوظ بنایا گیا اور سیلاب میں بہہ کر آنے والی لکڑ کو جنگلات کی منڈیوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیم میں جمع ہونے والی لکڑ کی مقدار سے متعلق اعداد وشمار تیار کیے جارہے ہیں اور مکمل تفصیل حکومت کو پیش کی جائے گی کہ ڈیم سے اتنی مقدار میں لکڑ برآمد ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :