ٹاپ اینڈ ٹی20 سیریز ، شکاگو کنگز مین نے پاکستان شاہینز کو 69 رنز سے شکست دے دی

منگل 19 اگست 2025 17:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ٹاپ اینڈ ٹی20 سیریز کے 17ویں میچ میں شکاگو کنگز مین نے پاکستان شاہینز کو 69 رنز سے شکست دے دی۔ ڈی ایکس سی ارینا ڈارون میں منگل کھیلے گئے میچ میں شکاگو کنگز مین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ ملند کمار نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 74 رنز بنائے، جس میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے، تجندر ڈھلوں نے بھی 37 گیندوں پر 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

شاہینز کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 57 رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعد مسعود اور شاہد عزیز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔207 رنز کے تعاقب میں شاہینز کی ٹیم ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور پاور پلے میں چار کھلاڑی آئوٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

28 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد یاسر خان اور کپتان محمد عرفان خان نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 43 رنز جوڑے تاہم عرفان خان 18 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 کے انفرادی سکور پر آئوٹ ہو گئے۔

پاکستان شاہینز مقررہ 20 اوورز میں 137 رنز بنا سکی۔ یاسر خان نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے۔کنگز مین کی جانب سے اسکاٹ کیکی لیجن نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ احسان عادل نے تین اوورز میں 20 رنز دے کر دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔یہ شاہینز کی ایونٹ میں دوسری ناکامی ہے۔پاکستان شاہینز اب اپنے اگلے میچ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف بدھ کو میدان میں اتریں گے۔ میچ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔