بوگیاں اور مسافر کم ہوگئے، پاکستان ریلوے کا 2 بڑی ٹرینوں کو بند کرنے پر غور

ریلوے اس وقت تقریباً 100 بوگیوں کی کمی کا شکار ہے جس کی وجہ سے دیگر ٹرین خدمات بھی متاثر ہو رہی ہیں؛ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 16:06

بوگیاں اور مسافر کم ہوگئے، پاکستان ریلوے کا  2 بڑی ٹرینوں کو بند کرنے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) پاکستان ریلوے نے بوگیوں اور مسافروں کی کمی کے باعث دو بڑی ٹرینوں کو بند کرنے پر غور شروع کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ریلوے کوچز کی شدید کمی کے باعث دو ٹرینوں کو بند کرنے پر غور کر رہا ہے، حکام لاہور سے کراچی کے درمیان چلنے والی شاہ حسین ایکسپریس اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی ممکنہ بندش پر بات کر رہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تجویز کے پیچھے کوچز کی کمی اور مسافروں کا کم ٹرن آؤٹ دونوں ہیں کیوں کہ ریلوے کا نظام اس وقت تقریباً 100 بوگیوں کی کمی کا شکار ہے جس کی وجہ سے دیگر ٹرین خدمات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ریلوے کے موجودہ حالات کے پیش نظر ان دونوں ٹرینوں کی مکمل طور پر بندش کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے کے لیے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں میٹنگز جاری ہیں، تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، اگر ان ٹرینوں کو بند کر دیا جاتا ہے تو اس سے ریلوے کی کارروائیوں میں مزید خلل پڑ سکتا ہے اور مسافروں کے پاس سفر کے کم اختیارات رہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پاکستان ریلوے نے تمام مسافر اور مال بردار ٹرینوں کیلئے حکم دیا ہے کہ حالیہ ٹرین حادثات کی روشنی میں بریک سسٹم کی جانچ پر مرکوز نئے حفاظتی پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے، کسی بھی ٹرین کو اس وقت سروس کے لیے کلیئر نہ کیا جائے جب تک کہ بریک لگانے والے تمام اجزاء مکمل طور پر فعال اور تکنیکی ٹیموں کے ذریعے تصدیق شدہ نہ ہوں، ان معیارات پر پورا نہ اترنے والی کوئی کوچ یا انجن فوری طور پر سروس سے ہٹا دیا جائے، اس اقدام کا مقصد مسافروں کی حفاظت کو بہتر بنانا، تاخیر کو کم کرنا اور ان تازہ ترین حفاظتی اقدامات کی سختی سے تعمیل کرتے ہوئے مزید حادثات کو روکنا ہے۔