سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کی جانب سے جشنِ آزادی ہفتے کا آغاز کر دیا گیا

منگل 19 اگست 2025 17:42

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کی جانب سے جشنِ آزادی ہفتے کا شاندار آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سامنے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ ملکی ترقی میں تدریسی اور تحقیقی ادارے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا کر ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر الطاف سیال نے مزید کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کا انعام ہے، اس کی حفاظت اور ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آئی ٹی سینٹر میر سجاد ٹالپر نے بتایا کہ جشنِ آزادی ہفتہ کے دوران شجرکاری مہم، سپورٹس ڈے، فریڈم واک اور دیگر تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں طلبہ اور اساتذہ بھرپور حصہ لیں گے۔

ڈاکٹر محمد یعقوب کوندھر نے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ قومی شعور دینا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ آج کے طلبہ ہی مستقبل کے رہنما ہیں۔تقریب میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے۔