انسانیت کی خدمت اور ہمدردی سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

منگل 19 اگست 2025 17:58

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت اور ہمدردی سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں، انسانیت کی خدمت دراصل معاشرتی ترقی اور پرامن دنیا کی بنیاد ہے۔ انہوں نے انسانیت کے عالمی دن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات، حادثات اور جنگوں کے دوران متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہونا اور ان کی مدد کرنا سب سے بڑی نیکی ہے۔

پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل کی ہر گھڑی میں نہ صرف اپنے ہم وطنوں بلکہ دنیا بھر کے متاثرہ لوگوں کے لئے ہمدردی، قربانی اور ایثار کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں اور نوجوان نسل کو بھی رضاکارانہ خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کی طرف راغب کریں تاکہ وہ مستقبل میں زیادہ فعال کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے ایسا مربوط نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس کے تحت کسی بھی قدرتی آفت یا ہنگامی صورتحال کے دوران متاثرہ افراد کو فوری طور پر امداد اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے انسانی خدمت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرنے والے رضاکاروں، سماجی کارکنوں اور فلاحی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور خدمات معاشرے کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر انسانی خدمت کے جذبے کو پروان چڑھائیں اور اسے اپنی قومی پالیسی کا حصہ بنائیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ اپنی سیاسی و سماجی زندگی کے ہر پہلو میں عوامی خدمت اور انسانی ہمدردی کو اولین ترجیح دیتی رہی ہیں اور آئندہ بھی یہ مشن جاری رکھیں گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات کی بجائے ایثار، قربانی اور ہمدردی کو اہمیت دیں تاکہ پاکستان ایک مضبوط، پرامن اور فلاحی ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے ابھرے۔

تقریب میں مختلف سماجی اور فلاحی تنظیموں کے نمائندگان، طلبا، خواتین اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو اجاگر کرنے والے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔