سینیٹ اجلاس، ارکان کا ملک میں سیلاب اور بارشوں سے انسانی جانوں کے کم سے کم نقصان کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور

منگل 19 اگست 2025 18:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ایوان بالا کے اجلاس میں اراکین نے ملک میں سیلاب اور بارشوں سے انسانی جانوں کے کم سے کم نقصان کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس حوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر طلحہ محمود نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ چترال کو نظر انداز کیاگیا ہے،پی ٹی آئی کی وہاں 12 سال سے حکومت ہے،یہاں پر روڈز کی سیفٹی والز نہیں ہیں جو خطرناک ہے،ائیرپورٹ ہے لیکن پروازیں نہیں،یہ بہترین علاقہ ہے جس میں سیاحت، معدنیات کے مواقع ہیں،اپروچ روڈز خستہ حال ہیں،این ایچ اے اس پر توجہ دے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 12 سال سے صوبائی حکومت پی ٹی آئی کی ہے،وہ ان کے تحفظات دور کرے ،پی ٹی آئی کے 16 ممبران کو یہاں ہونا چاہئے تاکہ کورم بھی پورا ہو،سیلاب اور امن وامان کے حوالے سے اہم بات کے موقع پر ممبران بھی یہاں ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

کامران مرتضیٰ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ کے پی سے سیلابی ریلا آگے نکل رہا ہے،پہلے سے تیاری کرکے اس قدرتی آفت کے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے،این ڈی ایم اے اور حکومت اس کا نوٹس لے،اس سے انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ سیلاب سے ملک بھر میں نقصانات ہوئے ہیں اس پر مفصل رپورٹ پیش کی جائے۔