شجرکاری ہی آئندہ نسلوں کو صاف ماحول اور بہتر مستقبل کی ضامن ہے ،ڈپٹی کمشنر

منگل 19 اگست 2025 18:49

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری ہی آئندہ نسلوں کو صاف ماحول اور بہتر مستقبل کی ضامن ہےاورعوام کو بھی چاہیے کہ پودا لگانے کو اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس میں اپنا حصہ ڈالیں۔ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کا واحد حل زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہے اور اس مہم میں معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وہ پرائم منسٹر پلانٹیشن ڈے کی مناسبت سےیادگار پارک میں محکمہ جنگلات کی طرف سے منعقدہ خصوصی شجرکاری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا اورنگزیب، ڈی جی پی ایچ اے راو ندیم، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد ، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ہارون طفیل اور رینج فاریسٹ آفیسر رانا قمر الزمان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ضلعی افسران کے ہمراہ پارک میں پودےلگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر اور خالی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ہارون طفیل نے بتایا کہ وزیراعظم پلانٹیشن ڈے کی مناسبت سے صرف یادگار پارک میں 100 پودے لگائے جا رہے ہیں جس کا دائرہ ضلع بھر میں بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے عوامی تعاون پر انحصار کرتا ہے اور ہر شہری کا ایک پودا لگانا اس ملک کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ثابت ہوگا۔\378