ڈیرہ غازیخان میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے زیرِ اہتمام ''معرکہ حق'' کے عنوان سے صوبائی سطح کے بیڈمنٹن و دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد

منگل 19 اگست 2025 19:57

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) گورنمنٹ بوائز کالج بلاک 17 ڈیرہ غازی خان میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے زیرِ اہتمام ''معرکہ حق'' کے عنوان سے صوبائی سطح کے بیڈمنٹن اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کھیلوں کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں۔

نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں باقاعدہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں جس سے نچلی سطح سے ٹیلنٹ کی تلاش اور تربیت ممکن ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو کھیلوں میں حصہ لے کر نہ صرف جسمانی و ذہنی طور پر مضبوط بنتے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام بھی روشن کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپورٹس ایونٹ میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور دیگر مقابلے شامل تھے جن میں مختلف کالجز کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز، غازی یونیورسٹی کے اساتذہ، دیگر اداروں کے پروفیسرز، طلبہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، پاکستان آرمی کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ“معرکہء حق”میں افواجِ پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر پاکستان کا پرچم سر بلند کیا ہے۔