سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کااجلاس، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاواکی آئندہ اجلاس میں شرکت،ارکان پارلیمنٹ کی کالز سننے اور جواب دینے کی یقین دہانی

منگل 19 اگست 2025 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر فیصل سلیم رحمان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ سینیٹرفیصل سلیم رحمان نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا اور ایجنڈاپوائنٹ ایک گھنٹے کے لئے موخر کر دیا ، محمد علی رندھاوا نے آئندہ اجلاس میں شرکت ، اراکین پارلیمنٹ کی کالز سننے اور جواب دینے کی یقین دہانی کرا دی ۔

اجلاس کے پہلے نکتہ پر بحث کا آغاز کیا گیا تو اس وقت تک چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اجلاس میں نہ پہنچ سکے جس پر چیئرمین کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ چیئرمین سی ڈی اے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ایک گھنٹہ کی دی گئی مہلت کے دوران چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اجلاس میں پہنچ گئے ۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے ادارے سے متعلق ایجنڈا نکات پر جواب دینے کے لئے اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں ، اگر کسی مصروفیت کی وجہ سے نہیں آسکتے تو کمیٹی کو ضرور مطلع کیا کریں اور اراکین پارلیمنٹ کی ٹیلی فون کالز بھی اٹینڈ کیا کریں ،مصروف ہوں تو انھیں بعد میں ضرور جواب دیا کریں جس پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ آئندہ اجلاس میں شرکت یقینی بنائوں گا ،اگر مصروف ہوا تو کمیٹی کو بھی مطلع کروں گا اور معزز اراکین اسمبلی کی فون کالز کا بھی جواب دیا کروں گا ۔

اس جواب کے بعد چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے اجلاس کو بتایا کہ رئیل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی میں سینیٹر احمد خان کی بطور ممبر تقرری کے لئے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا گئی ہے ۔