ملک میں منکی پاکس کا ایک تصدیق شدہ کیس سامنے آ گیا

منگل 19 اگست 2025 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) ملک میں منکی پاکس کا ایک تصدیق شدہ کیس سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں طبی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے ذرائع کے مطابق 42 سالہ مریض ضلع اٹک کا رہائشی ہے، جو حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا۔ ذرائع کے مطابق مریض 15 اگست کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر رہا تھا جب ایئرپورٹ ہیلتھ سروسز (BHS) کے عملے نے اس میں منکی پاکس کی علامات کی موجودگی کو محسوس کیا۔

(جاری ہے)

مریض کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے نمونے قومی ادارہ صحت کو بھجوائے گئے۔مزید تفتیش اور لیبارٹری تجزیے کے بعد 18 اگست کو منکی پاکس کی تصدیق کر دی گئی۔ طبی حکام کے مطابق مریض کو فی الحال گھر پر آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے اور اس کی حالت تسلی بخش ہے۔قومی ادارہ صحت کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ دبئی سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کا عمل مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منکی پاکس کی موجودگی سے متعلق کیس کا یہ پہلا تصدیق شدہ واقعہ ہے جس پر صحت کے حکام مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :