انسانی اسمگلرز کیساتھ گٹھ جوڑ پر 3 سال میں ایف آئی اے کے 51 ملازمین برطرف

یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی اموات کے بعد 41 ایف آئی اے اہلکار برطرف کیے گئے تھے

منگل 19 اگست 2025 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)انسانی اسمگلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ پر 3 سال کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کے 51 ملازمین کو برطرف اور 56 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ اسی عرصے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف 21 مقدمات درج کیے گئے۔وزارت داخلہ نے سینیٹ میں تحریری جواب جمع کرا دیا ہے جس میں ایوان بالا کو آگاہ کیا گیا ہے گزشتہ 3 برسوں میں انسانی اسمگلنگ پر ایف آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف 21 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

اسی عرصے میں ایف آئی اے کے 56 اہلکار گرفتار ہوئے، اس وقت 16 مقدمات زیر سماعت ہیں۔سینیٹ کو آگاہ کیا گیا کہ 3 سال کے دوران انسانی اسمگلروں سے ملی بھگت پر ایف آئی اے کے 51 ملازمین برطرف کیے گئے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ سال یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی اموات کے بعد غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے میں سہولت کاری کرنے پر 41 ایف آئی اے اہلکار برطرف کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ یونان کشتی حادثے میں ایف آئی اے کے افسران اور اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد ان کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ فیصل آباد ایئرپورٹ کے 19، سیالکوٹ ایئرپورٹ کے 3، لاہور ایئرپورٹ کے 2، اسلام آباد ایئرپورٹ کے 2 اور کوئٹہ ایئرپورٹ کے 5 افسران کے نام بھی مشتبہ اہلکاروں میں شامل تھے۔